Online News Portal

سینیٹ انتخابات: یوسف رضا گیلانی نے عبدالحفیظ شیخ کو شکست دیدی

0 101

قومی اسمبلی سمیت سندھ ، بلوچستان اور خیبر پختونخوا کی صوبائی اسمبلیوں میں سینیٹ کی 37 نشستوں کے لیے پولنگ کے بعد ووٹوں کی گنتی جاری ہے جب کہ اسلام آباد سے بڑا نتیجہ موصول ہوگیا ہے جس کہ مطابق سابق وزیر اعظم یوسف رضا گیلانی عبدالحفیظ شیخ کے مقابلے میں جنرل نشست پر کام یاب ہوگئے۔
رپورٹ کے مطابق پنجاب کی تمام 11 نشستوں پر امیدوار بلا مقابلہ منتخب ہوچکے ہیں جب کہ آج اسلام آباد کی 2، سندھ کی 11 ، خیبر پختونخوا اور بلوچستان کی بارہ بارہ نشستوں پر ووٹنگ ہوئی۔ اس سلسلے میں قومی اسمبلی سمیت تمام صوبائی اسمبلیوں کے ہال کو پولنگ اسٹیشن کا درجہ دیا گیا۔
سینیٹ انتخابات کا سب سے بڑا اپ سیٹ
سینیٹ انتخابات کا سب سے بڑا اپ سیٹ ہوگیا اور اسلام آباد کی جنرل نشست پر حکومتی امیدوار وزیر خزانہ عبدالحفیظ شیخ کو پی ڈی ایم کے امیدوار سابق وزیر اعظم یوسف رضا گیلانی نے شکست دے دی۔ نتیجہ آنے کے بعد عبدالحفیظ شیخ نے یوسف رضا گیلانی کو مبارک باد دی۔ یوسف رضا گیلانی نے 169 ووٹ حاصل کیے جب کہ حکومتی امیدوار حفیظ شیخ کو 164 ووٹ ملے، مسترد شدہ ووٹوں کی تعداد 7 ہے۔ اس طرح یوسف رضا گیلانی کو حکومتی امیدوار پر 5 ووٹوں کی برتری حاصل رہی۔
جب کہ دوسری جانب ایکسپریس نیوز کے مطابق حکومتی اتحاد کے 17 ووٹ ادھر ادھر ہوئے۔ یوسف رضا گیلانی نے حکومتی اتحاد کے 10 ووٹ حاصل کیے ہیں۔
قومی اسمبلی میں اسلام آباد کی نشستوں پر ڈٖالے گئے ووٹوں میں سے 7 ووٹ مسترد ہوئے تاہم ابھی خواتین کی مخصوص نشست کے لیے ووٹوں کی گنتی جاری ہے۔
اسلام آباد کی سینیٹ نشست کا نتیجہ چیلنج کرنے کا اعلان
معاون خصوصی شہباز گل نے کہا کہ حکومت اسلام آباد سے سینیٹ الیکشن کا نتیجہ چیلنج کرے گی۔ اپنے ٹوئٹ میں ان کا کہنا ہے کہ غیر حتمی طور پر 7 ووٹ مسترد ہوئے ہیں۔ پانچ ووٹ کا فرق ہے۔ ابھی اس نتیجہ کو چیلنج کریں گے۔
بلوچستان میں بی اے پی آگے:
غیر سرکاری نائج کے مطابق بلوچستان کی7جنرل نشستوں پر حکومتی اتحاد 5 پر کامیاب ہوگیا ہے جب کہ اپوزیشن نے سینیٹ کی 2 جنرل نشستیں حاصل کی ہیں۔
موصول ہونے والے غیر سرکاری نتائج کے مطابق بلوچستان عوامی پارٹی کے سرفراز بگٹی، منظور کاکڑ،پرنس آغاعمر احمد زئی جب کہ بی اے پی اور تحریک انصاف کے حمایت یافتہ امیدوار عبدالقادر کامیاب ہوئے ہیں، اس کے علاوہ جے یو آئی (ف) کے مولانا عبدالغفور حیدری، بی این پی مینگل کے محمد قاسم اور عوامی نیشنل پارٹی کے امیدوار عمر فاروق بھی کام یاب ہوگئے ہیں۔
سندھ میں سینیٹ انتخابات کی صورت حال
غیر سرکاری غیر حتمی نتائج کے مطابق اب تک سندھ سے نشستوں پر پیپلز پارٹی کے 4 امیدوار کامیاب ہوگئے۔ پیپلزپارٹی کی شیری رحمان، سلیم مانڈوی والا ، جام مہتاب ڈہر، جام مہتاب کامیاب ہوگئے۔ پیپلز پارٹی کی پلوشہ خان اور ایم کیو ایم کی خالدہ اطیب کامیاب ہوگئی ہیں۔

جواب چھوڑیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا.